کابل،31مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)افغان دارالحکومت کابل کے وسطی علاقے میں غیر ملکی سفارتخانوں کے قریب کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 80افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔افغان وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کے مطابق "اس بدقسمت دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 80ہوگئی ہے جن میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والی کی تعداد 300سے زیادہ ہے۔کابل پولیس کے ترجمان نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جرمن سفارتخانے کے داخلی دروازے کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جرمن اور فرانسیسی سفارتخانوں کو عمارات کو نقصان پہنچا ہے۔اطلاعات کے مطابق دھماکے کے وقت لوگوں کی ایک بڑی تعداد دفاتر کا رخ کررہی تھی۔
ادھر پاکستان دفتر خارجہ کے ترجمان نے افغانستان میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کابل دھماکے میں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ بھی زخمی ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں افغانستان میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان ایسے حملوں سے ہونے والے دکھ اور تکلیف کو سمجھتا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام افغان عوام اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل دھماکے میں پاکستانی سفارتکاروں کی رہائش گاہوں کو بھی نقصان پہنچا اور دھماکے میں سفارتخانے کے کچھ ارکان معمولی زخمی بھی ہوئے۔